کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹروں کی غفلت سے ہلاک ہونے والی بچی نشویٰ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے 5 ملزموں کو ذمہ دار قرار دے کر مقدمہ چلانے کا حکم سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت ہسپتال میں غلط انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی معصوم نشویٰ کے مقدمے میں عدالت میں نشوا کے والد کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ عدالت نے آغا معیز، مسماۃ ثوبیہ، عامر چشتی، علی فرحان اور ڈاکٹر شہزاد کو واقعہ کا ذمہدار قرار دے دیا ہے۔
ملزموں کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزموں کی رہائی کیلئے پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرائے جائیں۔
استغاثہ نے چالان میں آغا معیز اور ثوبیہ کے علاوہ تمام ملزموں کو بے گناہ قرار دیا تھا ۔ نشویٰ کے والد نے عدالت کو بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ سے معاہدہ طے پایا ہے کہ ایک نشویٰ وارڈ بنایا جائے گا جہاں پچاس لاکھ روپے سے مریضوں کا مفت علاج ہوگا ہر سال ایک سکالرشپ بھی دی جائے گی۔
عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ مدعی مقدمہ اور ملزموں کے درمیان صلح نامے کا فیصلہ ٹرائل کے موقع پر ہوگا۔