کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈکیتی، رہزنی کی وارداتیں بڑھ گئیں، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ڈاکوؤں نے دکان لوٹ لی، نیو کراچی میں سٹریٹ کرمنلز نے شہری کو ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے زخمی کر دیا جبکہ لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں پولیس نے مبینہ مقابلے میں تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
عید قریب آتے ہی کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں بڑھ گئیں، کرمنلز شہریوں کو سرعام لوٹنے لگے، دکانوں پر بھی وارداتیں بڑھ گئیں۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ڈاکوؤں نے الیکٹرونکس کی دکان لوٹ لی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب لانڈھی شیرپاؤ کالونی کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پکڑے گئے ڈاکو لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔
ادھر نیو کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لانڈھی گل احمد چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے دس سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔