کراچی: غلط انجکشن لگنے سے 13 سالہ بچہ ہاتھ سے معذور ہو گیا

Last Updated On 02 July,2019 01:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نجی ہسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ غلط انجکشن کے باعث 13 سالہ حمزہ ایک ہاتھ سے معذور ہو گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق تیرہ سالہ حمزہ کے والدین نے لانڈھی رضیہ ہسپتال میں بچے کو بخار کی تکلیف کے باعث داخل کرایا تھا۔ مبینہ طور پرغلط انجکشن لگنے سے حمزہ کا ہاتھ کالا پڑ گیا جو اب سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔

بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ حمزہ کے جسم میں زہر پھیلنے کے باعث اس کا سیدھا ہاتھ کاٹ دیا گیا۔ حمزہ کے 5 آپریشن کئے جا چکے ہیں۔

اس موقع پر ہاتھ سے محروم ہونے والے بچے حمزہ کا کہنا تھا کہ ہسپتال والوں نے میرا مستقبل تاریک کر دیا، انہوں نے سوال کیا کہ فوج میں جانے کا خواب کیسے پورا ہو گا۔

دنیا نیوز کے مطابق ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حمزہ کے جسم میں اب بھی زہر موجود ہے۔ حمزہ کو ٹراما سینٹر سے سول ہسپتال آرتھو پیڈک وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔