اینکر مرید عباس کے قتل کی تحقیقات، ملزم کا سمگلنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف

Last Updated On 12 July,2019 03:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کرا چی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر پرسن مرید عباس اور خضر حیات کے قاتل کا ریکارڈ جمع کر لیا گیا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم انفنیٹی نامی کمپنی کی آڑ میں سمگلنگ کا کاروبار کر رہا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھے گئے دوسرے شخص کی شناخت عادل کے نام سے کرلی گئی۔ عاطف زمان کی انفنیٹی نامی کمپنی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ملزم کمپنی کی آڑ میں 70 سے زائد افراد سے لگ بھگ 50 کروڑ روپے بٹور چکا ہے جن میں میڈیا انڈسٹری کے بھی 30 سے 40 افراد شامل ہیں۔

تفتیشی ٹیم نے کمپنی کے پارٹنر، بینکنگ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 2 افراد اور شعیب نامی شخص کو بھی شامل تفتیش کرنے کی تجویز دی ہے۔ ملزم عاطف ٹائر کی سمگلنگ میں بھی ملوث پایا گیا جبکہ ملزم کے بلوچستان کے ٹائرز سمگلرز سے رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ملزم نے چند ماہ قبل 25 کروڑ روپے چوری ہونے کا اظہار کیا تھا جس کے بعد شراکت داروں سے تنازعہ شدت اختیار کرگیا تھا۔ تحقیقاتی ٹیم نے فوٹیج میں دیکھے گئے عادل نامی شخص کی تلاش کیلئے ٹیم روانہ کر دی ہے۔