کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے دستگیر میں گھر کے اندر خود کو پولیس کہنے والے ڈکیت گھر کا صفایا کر گئے۔ واردات کے دوران خاتون سمیت 3 ملزمان نے اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، رقم اور دیگر چیزیں لوٹ کر فرار ہو گئے۔ دوسری جانب فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے دستگیر میں گھر کے اندر ڈکیتی کی واردات ہوئی، خاتون ملزمہ سمیت چار ڈاکووں نے گھر کا صفایا کر دیا۔ اہل خانہ کے مطابق پہلے خاتون نے دروازہ کھلوایا اور پھر تین مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے۔
ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار بتایا اور سب کو یرغمال بناکر گھر کی تلاشی کے بہانے لوٹ مار کی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واردات کے دوران ملزمان رقم طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا لیکر فرار ہوئے۔
متاثرہ خاندان نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں آئے تھے اور واردات کے بعد اسی میں فرار ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان سے رابطہ ہوگیا ہے ان کا بیان لے لیا ہے تاہم مقدمہ درج کر کے واقعاتی شواہد کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کریں گے۔
دوسری جانب خواجہ اجمیر نگری کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ میں 1 شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی شخص کی شناخت مجیب خان کے نام سے ہوئی۔
ادھر شاہ لطیف کھوئی گوٹھ کے قریب سیکیورٹی گارڈ سے اپنی ہی پستول کی گولی اتفاقیہ چلنے سے 23 سالہ سیکیورٹی گارڈ ندیم عباس زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ندیم عباس کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔