رانا ثنا اللہ کی جیل میں گھر سے کھانا منگوانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

Last Updated On 11 July,2019 09:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے منشیات سمگلنگ کے ملزم رانا ثنا اللہ کی جیل میں گھر سے کھانا منگوانے کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ عدالت نے 13 جولائی کو سپرنٹڈنٹ کیمپ جیل سے جواب طلب کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے منشیات کیس کے ملزم رانا ثنا اللہ کی جانب سے ایڈوویٹ فرہاد علی شاہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ رانا ثنا اللہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، انھیں ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق صرف پرہیزی کھانا دیا جا سکتا ہے لیکن کیمپ جیل حکام اس حوالے سے ان کی بات نہیں سن رہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ جیل میں بند قیدیوں سے غیر انسانی سلوک نہیں کیا جا سکتا۔ رانا ثنا اللہ کا پرہیزی کھانا بند کرکے ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، لہذا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انھیں گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 13 جولائی کو سپریٹنڈنٹ کیمپ جیل سے جواب طلب کر لیا۔

 

Advertisement