کراچی: پی آئی بی میں پولیس کا سرچ آپریشن، متعدد ملزمان زیر حراست

Last Updated On 12 July,2019 09:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی بی تھانے کی حدود میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد ملزمان کو حراست میں لے کر کوائف کی تصدیق کے لئے تھانے منتقل کیا جبکہ دوسری جانب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ڈکیتی مزاحمت کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔

پی آئی بی تھانے کی حدود میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران گھروں کی تلاشی لی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن مشتبہ اور مفرور ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے متعدد ملزمان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کرکے کوائف کی تصدیق کی گئی۔ سرچ آپریشن میں آر آر ایف کمانڈوز، لیڈیز پولیس سرچر انٹیلیجینس سٹاف اور متعدد تھانہ جات کی نفری نے حصہ لیا۔

دوسری جانب فیروز آباد شاہراہ قائدین کے قریب ٹریفک حادثہ ہوا، نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ فریاد کے نام سے ہوئی۔

ادھر ابراہیم حیدری ریڑھی گوٹھ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی 32 سالہ عمران کو جناح ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ سرجانی یاروں گوٹھ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 1 شخص زخمی ہوا جسے عباسی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی، زخمی کی شناخت 22 سالہ شیراز ولد افسار کے نام سے ہوئی۔