فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بااثر افراد نے ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد پیسے مانگنے پر ملازمین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، حملہ آور افراد ڈنڈوں اور اینٹوں کا سرعام استعمال کرتے رہے۔ پولیس نے کارروائی کرنے کی بجائے لاعلمی کا اظہار کر کے جان چھڑوا لی۔
فیصل آباد کے علاقے ڈھڈی والا میں بااثر افرادنے ہوٹل پر دھاوابول دیا،کھانے کے پیسے مانگنے پر باثر افراد نے ہوٹل مالک اور ملازمین پروحشیانہ تشددکر کے انھیں شدید زخمی کردیا۔ ملزمان شعیب اور اسکے ساتھیوں نے ڈنڈوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی ایسی کاروائیوں میں ملوث رہے ہیں، ان کا کئی افراد پر مشتمل گینگ ہے جو موٹرسائیکلوں پر اسلحے کی نمائش بھی کرتا ہے،ملزمان علاقے میں خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں۔
ملزمان کی جانب سے ہوٹل میں کئے جانے والے جھگڑے کی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہوئی جس پر مقامی پولیس سے موقف معلوم کیا گیا تو معاملےسے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے جان چھڑوانے کی کوشش کی گئی۔