کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس کے لیے نائن ایم ایم پستول کی خریداری میں تاخیر پر وزیراعلیٰ سیّد مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 45 ہزار روپے والا پستول 85 ہزار روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ سندھ پولیس ساڑھے چار ہزار نائن ایم ایم پستول واہ انڈسٹریز سے خریدنا چاہتی ہے، ڈالر کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے ایک پستول کی قیمت 85 ہزار روپے بنتی ہے، پستولوں کی خریداری کیلئے 38 کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ آخری ٹینڈر کے وقت پستول کی قیمت 45 ہزار تھی، وہ ٹینڈر کیوں منسوخ ہوا۔ جس کے بعد مراد علی شاہ نے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ وزیر ایکسائز، مشیر قانون اور جیل خانہ جات کمیٹی میں شامل ہوں گے۔