لاہور: (دنیا نیوز) 25 سال قبل قتل ہونے والے امیر الدین عرف بلا ٹرکاں والا قتل کے کیس میں عدالت نے ملزم کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
دنیا نیوز کے مطابق سیشن عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج سجاول خان نے کی، ایڈیشنل سیشن جج کی طرف سے قتل کا فیصلہ سنایا گیا۔ فیصلے کے مطابق 25 سال قبل قتل ہونے والے امیر الدین عرف بلا ٹرکاں والا قتل کے کیس میں ملوث ملزم عبد الوحید عرف وحیدیاں کو عمر قید کے ساتھ ساتھ تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم عبدالوحید عرف وحیدیاں کے خلاف تھانہ گوالمنڈی میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ 384/1994 درج ہے۔ ملزم کے خلاف تمام ثبوت اور گواہ عدالت میں پیش کر چکے ہیں۔
اس دوران استدعا کی گئی کہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا کا حکم جاری کیا جائے۔
ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں، ملزم کو مقدمہ سے بری کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت کی طرف سے حتمی دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج سجاول خان نے ملزم عبدالوحید عرف وحیدیاں کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔