کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب چھریوں کے وار سے نوجوان قتل ہو گیا۔ بہادر آباد میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا۔
کراچی کے علاقے کالا پل کے قریب ٹریفک حادثہ ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق شخص کی تاحال شناخت نہ ہوسکی جبکہ لاش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب گزشتہ روز ناردرن بائی پاس ٹریفک حادثے مِیں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی۔ پولیس کے مطابق 2 افراد عباسی میں جبکہ ایک سٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ حادثہ کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق حادثہ کا باعث بننے والی مسافر بس کا ڈرائیور فرار ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب کے ڈی اے گراؤںڈ میں نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار سے 20 سالہ نوجوان کو قتل کر دیا۔ لاش عباسی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا ہے، واقعہ ذاتی جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچھ نشئی لوگوں کا آپس میں جھگڑا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ملزمان نے اپنے دوست کو چھریوں کے وار سے قتل کیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
بہادرآباد میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی۔ بینک سے پیسے لے کر نکلنے والے بزرگ کو راستے میں لوٹ لیا گیا۔ موٹرسائیکل سوار ملزمان شہری سے پانچ لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے۔ فوٹیج میں ملزموں کے چہروں کو واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ شکایت درج کرانے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے۔