رحیم یار خان: (دنیا نیوز) میونسپل کمیٹی عملہ کی طرف سے دکانیں خالی کروانے کے لیے آپریشن کیا گیا جس میں مبینہ طور پر دکانداروں پر تشدد کیا گیا، اس دوران لڑائی ہوئی جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ لڑائی کی وجہ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق میونسپل کمیٹی عملہ نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور اے ڈی سی آر کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، زبردستی دکانیں خالی کرانے کے لیے دوکانداروں پر حملہ کر دیا، سکول بازار میں متنازعہ دکانیں خالی کرانے کیلئے میونسپل کمیٹی عملہ نے دکانداروں پر تشدد کیا، یہ تشدد بعد میں لڑائی کی شکل اختیار کر گئی جس کی وجہ سے علاقہ ، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
ذرائع کے مطابق عملہ کی جانب سے لاتوں مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، زخمی ہونے والے چار افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سکول بازار پہنچ گئے۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ 2007 میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 470 کنال 17 مرلے دیہہ اراضی کے مالکانہ حقوق دینے کا حکم دیا تھا۔ 2016 میں اے ڈی سی آر نے فیصلہ دیتے ہوئے ٹی ایم اے کو ثبوت نہ ہونے پر لاتعلق کر دیا تھا۔
اس دوران متاثرہ دکانداروں نے احتجاج کیا اور ڈی سی آفس کا گھیراؤ کرتے ہوئے نعرے لگائے، مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے نوٹس لے کر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔