لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے پنجاب کے پارلیمانی محاذ پر اہم فیصلوں کے لئے صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔
مسلم لیگ ن کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام ساڑھے چھ بجے ماڈل ٹاون میں ہو گا، پارلیمانی پارٹی پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی اور کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا جائزہ لے گی۔ حمزہ شہباز کو پی اے سی ون کا چیئرمین نہ بنانے پر مسلم لیگ ن نے سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے پروڈکشن آر ڈر جاری نہ کئے جانے پر بھی اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کروائے گی، ردعمل میں پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت اور چیئر مین شپ سے استعفوں کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے، آج پارلیمانی پارٹی سے اس فیصلے کی توثیق کروائی جائے گی۔
مسلم لیگ ن جمعتہ المبارک سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع اپنی حکمت عملی اور فیصلوں کا اعلان کرے گی۔