لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے صوبے میں فنانس کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔ سستی روٹی اتھارٹی بھی ختم کرنے کی کابینہ نے اجازت دیدی۔ گریڈ ایک سے چار تک سرکاری ملازمتوں سے پابندی ہٹا لی۔
پنجاب کابینہ کا اجلاس ایوان وزیراعلی ٰمیں سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں چوبیس نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے کر کابینہ نے منظوری دی۔
پنجاب کابینہ نے صوبے میں فنانس کمیشن کی تشکیل کی اجازت دیدی جبکہ سستی روٹی اتھارٹی ختم کرنے کی منظوری دی۔ پنجاب میں بارڈر ملٹری رولز میں بھی ترامیم کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی راولپنڈی کے قیام کی بھی اجازت دی گئی۔
نان اے سی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نظر ثانی کابینہ نے مسترد کردی۔ اجلاس میں پنجاب ویلیج اینڈ نیبرہڈ کونسل کی حد بندیوں کی منظوری دی گئی۔
پنجاب حکومت نے گریڈ ایک سے چار تک سرکاری ملازمتوں سے پابندی ہٹا لی۔ اس کے علاوہ سپیڈو بس سروس لودھراں کے لیے اکسٹھ ملین کی منظوری دیدی گئی۔
وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتانا تھا کہ آج پنجاب کابینہ کا 18واں اجلاس تھا۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام کی منظوری دی گئی۔ یہ کمیشن 13 ممبران پر مشتمل ہوگا جس کے وزیر خزانہ سربراہ ہوں گے۔
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سستی روٹی سکیم کا سپیشل آڈٹ کروایا جائے گا جبکہ گریڈ ایک سے چار تک بھرتیوں پر پابندی اٹھا رہے ہیں۔