پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ملاوٹ مافیا کا راج، عوام کی رگوں میں زہر اتارنے والوں کو راہ راست پرلانے کے لیے کارروائیوں پر کاروائیاں کارگر ثابت نہ ہوئیں، سخت قوانین نہ ہونے سے دوبارہ ملاوٹی کاروبار شروع کر دیا جاتا ہے، عوام کو اصلی کے ریٹ پر نقلی اشیا کی فروخت معمول بن گئی، شہری کہتے ہیں ملاوٹ مافیا سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیئے۔
پشاور میں ضلعی انتظامیہ اوردیگر محکموں کے ملاوٹ مافیا اور مضر صحت اشیائے خورونوش کے خلاف کارروائیوں پر کارروائیاں تو جاری ہیں لیکن سخت قوانین نہ ہونے سے کاروبار ختم نہ کیا جا سکا۔
اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کو راہ راست پر لانے کے لیے کارروائیوں کو اگرچہ شہریوں نے خوش آئند قرار دیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملاوٹ مافیا سے نمٹنے کے لیے روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ مزید سخت اقدامات بھی جلد اٹھائے جائیں گے۔
شہر میں ملاوٹی اشیاء کی فروخت پر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے اصل اور نقل کی پہچان کوئی بھی نہیں کر پاتا۔