راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ، کلرسیداں روڈ پر سنیپ چیکنگ کے دوران سابق کونسلر کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔
واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کلرسیداں بینک چوک پر پیش آیا، پولیس اہلکاروں نے سنیپ چیکنگ کے دوران گاڑی نہ روکنے پر سابق کونسلر چوہدری وحید انجم پر گولیاں برسا دیں جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔ اہل علاقہ نے پولیس گردی کے خلاف تھانے کا گھیراؤ کر کے سخت احتجاج کیا۔
اختجاج پر سی پی او محمد فیصل رانا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 5 پولیس اہلکاروں پر قتل کا مقدمہ درج کروا دیا۔ فائرنگ کرنے والے اے ایس آئی عمران سمیت 2 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ انصاف کی یقین دہانی پر اہل علاقہ نے احتجاج ختم کر دیا۔