لوئر دیر: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور 2 اہلکار جاں بحق

Last Updated On 18 December,2019 02:26 pm

لوئردیر: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں سمیت ورکرز پر حملے، لوئر دیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے.

 پہلا واقعہ لوئر دیر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے، شہید اہلکار فرمان اور مکرم لعل قلعہ تھانے میں تعینات تھے۔ پولیس نے لاشوں کو ڈی ایچ کیو تیمر گرہ منتقل کر دیا، مزید تحقیقات جاری ہے۔

دوسرے واقعے میں مسلح افراد نے شکار پور کے زرخیل لنک روڈ پر پولیو ٹیم کو یرغمال بناکر لوٹ مار کی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد پولیو ٹیم سے موبائل فون، نقدی، این آئی سی اور جیکٹس چھین کر فرارہو گئے۔ پولیو ورکرز کے مطابق لوٹ مار کرنے والے افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جن کے ہاتھوں میں جدید اسلحہ تھا۔

لٹنے والی پولیو ٹیم اور ڈاکٹرز نے واقعے کے خلاف لنک روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔ سرگودھا کے علاقے سلانوالی میں پولیو ٹیم کے ورکرز کو اختر حسین نامی شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزم موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

 

 

Advertisement