پولیو ٹیموں پر حملے، حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق

Last Updated On 18 December,2019 07:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں سمیت ورکرز پر حملے ہوئے۔ لوئر دیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

شکارپور میں مسلح افراد نے پولیو ورکرز سے موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ سرگودھا کے علاقے سلانوالی میں پولیو ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنانے والا شخص فرار ہو گیا۔

تصیلات کے مطابق پہلا واقعہ لوئر دیر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ شہید اہلکار فرمان اور مکرم لعل قلعہ تھانے میں تعینات تھے۔ پولیس نے لاشوں کو ڈی ایچ کیو تیمرگرہ منتقل کر دیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

دوسرے واقعے میں مسلح افراد نے شکارپور کے زرخیل لنک روڈ پر پولیو ٹیم کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد پولیو ٹیم سے موبائل فون، نقدی، این آئی سی اور جیکٹس چھین کر فرار ہو گئے۔

پولیو ورکرز کے مطابق لوٹ مار کرنےوالے افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جن کے ہاتھوں میں جدید اسلحہ تھا۔ لٹنے والی پولیو ٹیم اور ڈاکٹرز نے واقعے کے خلاف لنک روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگئی۔

ادھر سرگودھا کے علاقے سلانوالی میں پولیو ٹیم کے ورکرز کو اختر حسین نامی شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی لیکن ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
 

Advertisement