لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ جنگلی حیات نے نایاب پرندوں کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔ چکور اور کونج بنوں سے لاہور سمگل کئے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران لاہور لاری اڈا سے لاکھوں روپے مالیت کے پرندے تحویل میں لے کر ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
نایاب پرندوں کی سمگلنگ، محکمہ جنگلی حیات نے ایکشن لے لیا۔ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر پنجاب تنویر جنجوعہ کی سربراہی میں انسپکشن ٹیم نے لاہور لاری اڈا پر کارروائی کر کے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
بنوں سے لاہور آنے والی بس سے 9 کونج، چکور کے 10 جوڑے اور جنگلی کبوتر تحویل میں لے لیے۔ منسٹر وائلڈ لائف اسد کھوکھر اور گیم وارڈن پنجاب کی سربراہی میں سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ سمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن عبد الشکور منج اور ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ریکی پر ملزم کو پکڑا، تحویل میں لیے گئے پرندوں کو لاہور زو سفاری بھجوا دیا جائے گا۔