باپ، چچا اور دادا قتل، غمزدہ بیٹی نے بلاول اور سندھ حکومت کو انصاف میں رکاوٹ قرار دیدیا

Last Updated On 11 May,2020 02:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں دو سالوں سے حصول انصاف کے لیے دربدر سندھ کی مظلوم بیٹی ام رباب چانڈیو ہاتھوں میں لالٹین لیے سکھر پریس کلب پہنچ گئی، سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی میں بلاول بھٹو اور سندھ حکومت کو رکاوٹ قرار دیا ہے۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ام رباب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا ہے، 17 جنوری 2018 کو میرے والد، دادا اور چچا کو قتل کر دیا گیا۔ قتل میں پیپلز پارٹی کے دو ایم پی ایز برہان چانڈیو اور سردار چانڈیو ملوث ہیں لیکن افسوس ابتک ملوث ملزمان کے خلاف موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔

ام رباب چانڈیو نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے میرا سوال ہے کہ بتایا جائے میرا کیا قصور ہے، مجھے ملنے والے انصاف کی فراہمی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔ ام رباب چانڈیو نے کانفرنس کے دوران مزید کہا کے مجھے ملک کی عدالتوں پر یقین ہے کے وہ مجھے انصاف فراہم کرینگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ اے ٹی سی میرپور ماتھیلو میں زیر سماعت ہے مگر اس میں بھی تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ میں انصاف کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوں لیکن سندھ حکومت میری داد رسی کرنے کے بجائے قاتلوں کی پشت پناہی میں مصروف ہیں، انصاف کے لیے دربدر ہوں لیکن انصاف نہیں مل رہا، ہوسکتا ہے ملزمان کا اگلا ہدف میں ہوں۔