کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں سے ایک ہی دن میں تین لاشیں ملیں، ایک بوری بند جبکہ دوسری بیگ میں تھی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
کراچی کے علاقے سرجانی تیسرٹاون میں ندی سے ایک شخص کی بیگ میں لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد بیگ میں ڈال دیا گیا تھا۔ شارع نورجہاں تھانے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی۔
دوسری طرف ملیر ماڈل کالونی کچرا کنڈی سے بوری بند تشدد زدہ لاش ملی۔ پولیس کے مطابق لاش کی شناخت 30 سالہ شفع اللہ کے نام سے ہوئی، مقتول پھل فروش ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذاتی دشمنی پر قتل کا شبہ ہے۔ مقتول بدھ سے لاپتہ تھا، ملیر کینٹ تھانے میں اہل خانہ نے اطلاع دی تھی۔ مقتول کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا، جسم پر تشدد کے بھی نشانات ہیں۔ ادھر کلفٹن عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی۔