لاہور: (دنیا نیوز) قاتل ڈور نے ایک اور ماں کی گود اجاڑ دی، ساندہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے 6 سالہ حریم فاطمہ جان کی بازی ہار گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
شہری میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری، قاتل ڈور نے ایک اور بچی کی زندگی کی ڈور کاٹ دی۔ ساندہ کےعلاقے میں موٹرسائیکل کے آگے بیٹھی 6 سالہ حریم فاطمہ کے گلے پر ڈور پھر گئی، ننھی حریم کو ہسپتال لے جایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکی۔
حریم فاطمہ والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر ٹاؤن شپ سے شاہدرہ جاتے ہوئے قاتل ڈور کانشانہ بنی، وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ سردار عثمان بزدار نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا اور بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے واقعہ پر ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر شرجیل ضیاء کو فوری معطل کرکے لائن حاضر کر دیا اور ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کیپٹن (ر)محمد اجمل نے کہا کہ پولیس پتنگ بازی کو روکنے کیلئے کام کر رہی ہے، رواں سال ایک ہزار 125 پتنگ بازوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ شہریوں کے تعاون کےبغیر پتنگ بازی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔
رواں سال ڈورپھرنے کے واقعات میں اب تک 6 افرادجاں بحق جبکہ 11زخمی ہو چکے ہیں، سٹی، کینٹ اور اقبال ٹاؤن ڈویژن میں رات کے اوقات میں پتنگ بازی معمول بن چکی ہے جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔