تاجر قتل کیس: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر فرد جرم عائد

Last Updated On 07 July,2020 05:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی عدالت نے تاجر قتل کیس میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر فرد جرم عائد کر دی، مجرم عذیر بلوچ نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تاجر کے اغوا برائے تاوان اور قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عذیر بلوچ کو ہتھکڑیاں اور چہرہ ڈھانپ کر سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

کمرہ عدالت میں فاضل جج نے مجرم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی اور کہا آپ پر عبدالصمد کے اغواء برائے تاوان اور قتل کا الزام ہے، 10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور 70 ہزار روپے لینے کے باوجود مغوی کو قتل کیا، کیا اپ اپنا جرم قبول کرتے ہیں ؟ کٹہرے میں موجود عذیر بلوچ نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہان کو نوٹس جاری کر دئیے۔ آئندہ سماعت پر گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ مجرم کی پیشی کے موقع پر سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رینجرز کی بھاری تعینات تھی، مقدمہ میں عذیر بلوچ کا بھائی زبیر بلوچ و دیگر گرفتار ہیں جن پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔
 

Advertisement