کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے جٹ لین میں فائرنگ سے اے ایس آئی شہید ہو گیا۔ ملزم نے مقتول کا سرکاری اسلحہ بھی چھین لیا۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، رواں ماہ شہر قائد میں شہید اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی۔
کراچی میں پولیس اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ، جٹ لین میں اے ایس آئی غلام محمد فائرنگ سے شہید ہو گیا۔ پولیس نے واقعہ کے عینی شاہد پان کیبن والے کا ابتدائی بیان ریکارڈ کر لیا۔ پولیس کو بتایا گیا کہ اے ایس آئی غلام محمد پان کیبن کے قریب کھڑے تھے،پینٹ شرٹ میں ملبوس ملزم نے ایک گولی سینے جبکہ مقتول کے زمین پر گرنے کے بعد دوسری گولی بھی ماری۔ اکیلا آنے والا ملزم واردات کے بعد صدر کی طرف فرار ہوا، مقتول کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔
شہر میں تین ہفتوں میں تین پولیس اہلکار شہید ہوچکے۔ گیارہ جولائی کو کورنگی میں پولیس اہلکار اصغر اور 4 جولائی کو بلوچ کالونی میں نعمان بھی دہشت گردوں کی بھینٹ چڑھ چکے جس پر شہری بھی برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول سے سرکاری اسلحہ بھی چھین لیا گیا۔