کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پسند کی شادی کے تنازع پر ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں جنہیں جناح ہسپتال منتقل کر لیا گیا۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر ہزارہ گوٹھ گھر میں رات گئے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ جاں بحق شخص کی شناخت محمد اصغر کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں محمد اصغر کی بیوی اور بہو سویرا جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول اصغر کے بیٹے ظفر نے سویرا نامی لڑکی سے پانچ روز قبل پسند کی شادی کی تھی جبکہ سویرا کے باپ جاوید شیخ نے شادی پر رضامندی ظاہر نہیں کی تھی۔ نتیجے میں سویرا کے باپ اور ماموں نے گھر میں گھس کر ظفر کے باپ کو فائرنگ اورچھریوں کے وار سے قتل کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے شواہد اکھٹے کئے۔ پولیس نے واقعہ کے مرکزی ملزم جاوید شیخ اور شہباز کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرلیا گیا۔