گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پولیس نے موبائل فون چوری کرنے کے الزام میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے مشہور ٹک ٹاکر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزم کے لاکھوں فالورز ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم علی نے ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانے کیلئے موبائل فون چوری کئے، جن کی مالیت تقریباً 6 لاکھ روپے بنتی ہے۔ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے موبائل فونز کو برآمد کر لیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ پولیس نے ملزم کو ڈرامائی انداز میں بس سٹاپ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اپنا جرم تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کو پیسے دینے کیلئے چوری کی۔
ملزم کیخلاف پولیس کو دی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ چوری کا یہ واقعہ گوجرانوالہ کی ماڈل ٹاؤن مارکیٹ میں موبائل کی دکان پر پیش آیا۔ دکاندار کے مطابق اس کی دکان سے رات کو تالے توڑ کر 3 موبائل فون چوری کئے گئے جن کی مالیت لاکھوں میں ہے۔