اسسٹنٹ کمشنر تقرری کی غلط بیانی کرنیوالا نوجوان گرفتار، والد کی منت سماجت پر رہا

Published On 07 September,2020 03:52 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) سی ایس ایس امتحان میں فیل ہو کر والدین سے اسسٹنٹ کمشنر تقرری کی غلط بیانی کرنے والے نوجوان کاشف کے اغواء کا ڈراپ سین ہو گیا۔

شیخو پورہ سے کاشف نامی امیدوار نے سی ایس ایس امتحان میں حصہ لیا۔ ریٹائرڈ ٹیچر محمد عاشق کے بیٹے کاشف نے گھر والوں کو بتایا کہ اس کی بطور اسسٹنٹ کمشنر تقرری ہو گئی ہے۔ اب اسے تقریب حلف برادری کے لئے گورنر ہاؤس لاہور بلایا گیا ہے۔

والد نے ساتھ چلنے کا اصرار کیا۔ باپ، بیٹے نے کوٹ عبدالمالک میں اپنے رشتہ داروں کے گھر رات قیام کیا تا کہ صبح بروقت تقریب میں پہنچ سکیں۔ کاشف گھر سے نکلا اور غائب ہو گیا۔ والد نے کافی تلاش کے بعد تھانہ فیکٹری ایریا میں رپورٹ کروا دی۔

ممکنہ اسسٹنٹ کمشنر کے اغواء کی خبر ملتے ہی پولیس الرٹ ہو گئی۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2 تفتیشی پارٹیاں تشکیل دیں جنہوں نے 24 گھنٹے میں واقعہ کا ڈراپ سین کرتے ہوئے کاشف کو پھولنگر سے دوست کے گھر سے حراست میں لے کر حوالات میں بند کر دیا۔ بعد ازاں بوڑھے باپ کی منت سماجت پر پولیس نے کاشف کو رہا کر دیا۔
 

Advertisement