کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم عذیر بلوچ و دیگر ملزمان کے خلاف مزید 4 مقدمات میں ترمیمی فرد جرم عائد کر دی۔
لیاری آپریشن میں پولیس حملے کے مقدمات میں اہم پیش رفت، مجرم عذیر بلوچ و دیگر پر مزید 4 مقدمات میں ترمیمی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، مفرور ملزمان حبیب جان بلوچ، ذاکر راجا اور آصف نیازی سمیت دیگر کو اشتہاری قرار دے دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے گئے۔
دہشت گرد عذیر بلوچ کو رینجرز کی سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔ عدالت نے دہشت گرد عذیر بلوچ، زبیر بلوچ و دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔ عدالت نے مقدمہ کے تفتشی افسران اور گواہان کو نوٹس جاری کر دئیے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 2012 میں تھانہ کھاراد، کلاکوٹ اور نیپئر کی حدود میں پولیس پر حملہ کیا جس میں پولیس افسران و اہلکاراور شہری زخمی ہوئے۔ عدالت نے مفرور ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔