ڈسکہ: (دنیا نیوز) ڈسکہ نیو کچہری کے باہر سلیم خان گروپ اور سرورخان گروپ میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ، دو شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں راہ گیر بھی شامل ہے۔ دس سال کی دشمنی کے دوران دونوں گروپوں کے 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
سال 10-2009 میں تھانہ موترہ کے موضع پنڈوریاں میں دو گروپوں سلیم خان اور سرور خان گروپ میں دشمنی پر سرور خان گروپ کے افراد نے سلیم خان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا جس کے بعد مختلف اوقات میں دونوں گروپوں کے آٹھ افراد اس دشمنی کا نشانہ بنے۔
آج صبح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم سہیل چیمہ کی عدالت میں قتل کے ایک مقدمہ کی پیشی تھی جس پر احاطہ عدالت سے باہر نکلتے ہی دونوں گروپوں میں آمنے سامنے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کی زد میں آتے ہوئے سلیم گروپ کے جنید خان اور سرور گروپ کے احسان اور پطرس موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک راہ گیر اکرم سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور میتوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔