لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر ٹورازم پنجاب ایپ کاافتتاح کر دیا، وزیراعلی کہتے ہیں کہ ایپ کے ذریعے شہری سیاحت سے متعلقہ معلومات اور خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے-
ایوان وزیراعلی میں اجلاس اور تقریب میں وزیراعلیٰ نے ڈی ٹی ایس سسٹم کی ایپ کا بھی افتتاح کیا، وزیراعلی کا کہنا تھا کہ 511 سیاحتی مقامات کے بارے میں تمام معلومات پنجاب ٹور ازم ایپ کے ذریعے مہیا کی گئی ہیں، ایپ کے ذریعے سیاحتی مقام کا روٹ بھی معلوم ہو سکے گا- شہری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب سے متعلقہ سہولتوں سے آن لائن استفادہ کریں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ٹی ڈی سی پی کے ہوٹلوں کی بکنگ بھی آن لائن کرائی جا سکے گی، شہری گوگل پلے سٹور پر جا کر موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں- ڈی ٹی ایس سسٹم ایپ ٹورسٹ آپریٹرز کے لئے متعارف کرائی گئی ہے۔ ٹورسٹ آپریٹرز اب آن لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے، ٹورسٹ آپریٹرز کے امور کو آٹو میٹڈ کردیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے ای پیمنٹ کی سہولت بھی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔