پشاور: (دنیا نیوز) انسداد منشیات فورس کے شعبہ انٹیلی جنس نے خیبرپختونخوا سے پنجاب ہیروئن کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، اسمگلر میاں بیوی کو گرفتار کر کے 38 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف انٹیلی جنس نے منشیات کی بڑی کھیپ پنجاب اسمگل کیے جانے سے متعلق خفیہ معلومات کی بنیاد پر پشاور میں کارروائی کی اور منشیات لے جانے والی گاڑی کو پکڑ لیا، تلاشی کے دوران گاڑی سے 41کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی مالیت 38کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
اے این ایف نے ملزم عرفان کو اس کی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم ایک ماہ میں دس مرتبہ ہیروئن اسمگل کرنے کے لئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان سفر کرتا تھا،یہ منشیات پنجاب کے مختلف علاقوں میں فروخت کی جانا تھی۔