کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گداگری کے مکروہ کاروبار سے منسلک مافیا اور گینگز کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا پلان ترتیب دیدیا گیا۔
کراچی پولیس آفس میں شہر میں گداگری کے خاتمے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ کراچی میں گداگروں کی بڑھتی تعداد کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں غیر مقامی افراد سمیت مہاجرین کی بڑی تعداد گداگری میں ملوث ہیں۔
اجلاس میں گداگروں کے خاندان میں شامل چھوٹے بچوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کی مدد سے بچوں کے اغواء اور گداگری کے کاروبار سے منسلک کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کراچی میں سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے زیر سرپرستی ضلع کورنگی اور ملیر میں بچوں کیلئے سینٹرز اور شیلٹر ہومز موجود ہیں جہاں گداگر بچوں کو رہائش اور خوراک کی مکمل سہولیات فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں کراچی کو نو بیگر زون بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں پائلٹ پروجیکٹ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔