کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین علی آفندی کو کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات گئے پیپلز چورنگی کے قریب گھر میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان ڈکیتی کی نیت سے گھرمیں داخل ہوئے اور مزاحمت پر زین علی آفندی کوقتل کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان جاتے ہوئے گھر سے قیمتی سامان بھی لے گئے جبکہ واقعے میں جاں بحق شخص زین علی آفندی سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے ہیں۔
دنیا نیوز نے ملوث ملزمان کی تصاویر حاصل کرلی ہیں جس کے مطابق ملزمان شلوارقمیض اور جوگرز پہنے تھے اور گھر کے باہر کار سے اترے۔ پانچ ملزمان رات 3 بج کر 25 منٹ پر گھر میں داخل ہوئے اور 55 منٹ تک گھر میں موجود رہے، مبینہ طور پر لوٹ مار کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مزاحمت پر مسلح افراد نے زین آفندی کو گولیاں ماریں جبکہ گھر میں موجود ملازم کو رسیوں سے باندھ دیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا وائٹ کرولا گینگ سے تعلق ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔