لاہور: (دنیا نیوز) کلاشنکوف کلچر کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے، انسداد دہشتگردی عدالت ریس کورس کے باہر ڈالے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے علی حسنین نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کو تھانہ ریس کورس منتقل کر دیا گیا۔
لاہور پولیس نے رواں ماہ 679 مقدمات درج کرتے ہوئے 729 ملزمان کو گرفتار کیا، کریک ڈاؤن کے دوران 623 پسٹلز، 135 رائفلیں اور 20 ریوالورز برآمد کئے گئے۔ 16 جدید آٹومیٹک کلاشنکوف، 80 چھوٹے ہتھار، 5 چاقو اور 259 میگزین بھی قبضے میں لئے گئے۔
سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز اپلوڈ کرنے والوں کےخلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رہا، ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 92 مقدمات درج کر کے 133 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ شہر لاہور کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، کلاشنکوف کلچر کسی صورت برداشت نہیں۔ سی سی پی او لاہور نے شادی بیاہ کی تقریبات میں اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔
سی سی پی او لاہور نے افسران کو سنیپ چیکنگ کا عمل بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقص امن کا باعث بننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، شہریوں کو مکمل احساس تحفظ فراہم کیا جائے گا۔