گوجرانوالا: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان کیخلاف احتجاج، جھگڑا، 3افراد جاں بحق

Published On 09 March,2021 04:14 pm

گوجرانوالا: (دنیا نیوز) پنجاب کے بڑے ضلعوں میں سے ایک گوجرانوالہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان کی جانب سے اراضی کے عوض رقم نہ دینے جھگڑا ہوا جس کے باعث 3افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں چندا قلعہ کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان کی جانب سے اراضی کے عوض رقم نہ دینے پرزمینداروں نے احتجاج کیا، مظاہرین کے پتھراؤ پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکیورٹی گارڈزنے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3افراد جان کی بازی ہارگئے۔ زخمیوں میں تین افراد کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

گولیاں لگنے سے 50 سالہ رانا امجد، 35 سالہ عمران اور 22 سالہ تنزیل الحق جاں بحق ہوگئے۔ شدید فائرنگ اور تصادم کے باوجود صدرپولیس موقع پر پہنچ نہ سکی ۔ مظاہرین رانا عمران نامی شخص کی میت جی ٹی روڈ پررکھ کر احتجاج کیا۔

دوسری طرف قائمقام کمشنر گوجرانوالا سہیل اشرف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے زمینداروں کے احتجاج سے متعلق کمیٹی قائم کر دی۔ انکوائری ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف کمیٹی کی سربراہی کریں گے، اے سی ہیڈ کوارٹر اور اے سی صدر ممبر ہو نگے، واقع سے متعلق سول معاملات کی بھی نگرانی خود کروں گا۔

مزید برآں آئی جی پنجاب نے گوجرانوالا میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے گارڈز کی مبینہ فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا حکم دیا ہے۔

پولیس کے مطابق سوسائٹی مالکان وقاص اوجلہ، احمد اوجلہ اور احسن اوجلہ سمیت41افراد کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

Advertisement