کراچی: گجر نالے پر قائم تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن، غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ

Published On 15 March,2021 03:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گجر نالے پر قائم تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ تین مقامات پر کارروائی کے دوران پکے مکانات اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کیا گیا۔ شریف آباد کے قریب انٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مکینوں کی جانب سے مزاحمت کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

کراچی کے گجر نالے کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن ایک بار پھر شروع کردیا گیا۔ میگا آپریشن کیلئے تین مقامات کا انتخاب کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں کارروائی کا آغاز شفیق موڑ سے کیاگیا۔ صبح انٹی انکروچمنٹ کی ٹیم،پولیس،رینجرز اور کے الیکٹرک کا عملہ گجر نالے پر پہنچا۔ انٹی انکروچمنٹ ٹیم بھاری مشینری کے ذریعے پکے مکانات اور دیگر تجاوزات کو توڑنے میں مصروف رہی۔

سینئرڈائریکٹر لینڈ بشیر صدیقی کہتے ہیں تیس فٹ کی حدود میں آنیوالی غیر قانونی تعمرات کو مسمار کیا گیا۔ ادھر شریف آباد میں تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران انتظامیہ کو مزاحمت کا سامنا بھی رہا۔ مکینوں نےکارروائی کو روکنے کی کوشش کی مگر انٹی انکروچمنٹ ٹیم نے صورتحال پر قابو پالیا۔ گجرنالے کے اطراف سے غیر قانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے کے بعد دونوں اطراف سڑکیں بنائی جائیں گی۔