جامشورو میں کارروائی، 2 خودکش بمباروں سمیت 5 دہشتگرد گرفتار: سی ٹی ڈی حکام

Published On 19 April,2021 02:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کاونٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کی رینجرز کے ہمراہ جامشورو میں انٹیلجنس بیسڈ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا دعوٰی ہے کہ گرفتار دہشگردوں میں 2 مبینہ خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی کاونٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ سندھ عمر شاہد نے رینجرز کے کرنل شبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جامشورو میں دہشتگردوں کی موجودگی اطلاع پر کارروائی کی گئی، آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دو خود کش بمبار سمیت 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، دہشتگردوں نے کراچی پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

رینجرز حکام نے بتایا کہ ملزمان طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے، تفتیش کے دوران ملزمان نے اہم انکشافات کئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو خودکش جیکٹس، 6 دستی بم، 3 کلاشنکوف، 2 پستول کے علاوہ پولیس کی وردیاں اور دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔
 

Advertisement