کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن معمار کے بینک سے چھ لاکھ روپے لیکر نکلنے والے شہری کو لوٹ لیا گیا۔ دوسری جانب گلستان جوہر میں دو موٹرسائیکل سوار تین ملزمان نے شہری سے موٹرسائیکل چھینی اور باآسانی فرار ہوگئے۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا سلسلہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی جاری، گلشن معمار کے بینک سے چھ لاکھ روپے لیکر نکلنے والے شہری کو ملزمان نے لوٹ لیا۔ ملزمان کے بینک کےاندر ریکی کرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آ گئی۔ فوٹیج میں ایک ملزم کو ماسک لگائے بینک میں دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم بینک میں بیٹھا ریکی کرتا رہا، جیسے ہی شہری پیسے لیکر باہر نکلا ملزم اس کے پیچھے باہر آگیا۔۔ بینک سے نکلنے کےبعد ساتھیوں کے ہمراہ لوٹ لیا اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ بھی کی۔
دوسری جانب گلستان جوہر یونیورسٹی روڈ کے قریب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔ فوٹیج میں دو موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے شہری سے موٹر سائیکل چھینی اور چلتے بنے۔ واردات کے دوران شہری اور دکاندار پر تشدد بھی کیا۔ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ اور ماسک پہنا ہوا تھا۔