کراچی: (دنیا نیوز) رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے انتہائی مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں ارسلان عرف مٹھوعرف سندھی، محمد بلال عرف بلو، اویس عرف پٹھان، ضمیر اور محمد حمزہ شامل ہیں۔ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں بھتہ خوری، منشیات فروشی، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور موبائل فون چھیننے کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ملزمان سے اسلحہ اور منشیات بھی بر آمد کر لی گئی، دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ پرانا گولیمار میں بدنام منشیات فروش کاشف ڈاڈا کے منشیات کے اڈے پر کام کرتے رہے ہیں۔ کاشف ڈاڈا بیرون ملک سے واٹس ایپ پر بھتے کی کال کرتا ہے۔ ماہانہ 10 سے 15 ہزار روپے فی دکان بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان مخالف منشیات فروش گروہ کے کارندوں پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی اور قتل کرنے میں بھی ملوث ہیں۔