لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کینال روڈ پر لگژری گاڑی کی ٹکر اور اس کے بعد آگ لگنے کے معاملے میں نیا موڑ آگیا ، کار سوار نے مال روڈ پر ہوٹل میں کمرہ لینے کے لیے خود کو سیکورٹی ادارے کا افسر بتایا جس پر پولیس اسے تفتیش کے لیے تھانے لیجا رہی تھی کہ اس نے گاڑی بھگا دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مال روڈ پر واقع ہوٹل انتظامیہ کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی تو اپنے آپ کو سکیورٹی ادارے کا افسر بتانے والے حمزہ سے شناختی دستاویزات طلب کیں جس پر تلخ کلامی ہو گئی۔ پولیس حمزہ جاوید کو تھانہ سول لائنز لے جا رہی تھی تو اُس نے گاڑی بھگا دی، ہیڈ کانسٹیبل منور نے اُسے گاڑی روکنے کا کہا تو ملزم نے گاڑی دیوار سے ٹکرا دی اور منور کو گاڑی کے نیچے پھینک کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے ملزم کا پیچھا کر کے اسے برکت مارکیٹ کے قریب پکڑ لیا جبکہ گاڑی نیچے آنے والی موٹر سائیکل میں لگی آگ کی وجہ سے تباہ ہو گئی۔