کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں انٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دوخواتین سمیت 7 رکنی کاریں چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا، 6 چوری شدہ کاریں بھی برآمد کر لیں۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راو کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے 6 کاریں بھی برآمد ہوئی ہیں جو مختلف علاقوں سے چوری کی گئی تھیں، گرفتار ملزمان میں شجاعت، دانش، عطااللہ، احتشام، دانیال، قرۃالعین اور کنول شامل ہیں۔
ملزمان میں میاں بیوی اور دیور بھی شامل ہیں، گروہ کے مرکزی کردار قرۃالعین عینی اور شوہر شجاعت ہیں، ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان اپنے نشے کی لت کو پورا کرنے اور تفریح کے لیے کاریں چراتے تھے، نشے کے بعد ملزمان لانگ ڈرائیو پر نکل جاتے تھے، نشہ اترنے کے بعد کاریں کسی بھی علاقے میں چھوڑ دیتے تھے، ملزمان نے دو کاریں فروخت بھی کیں، قرۃالعین کا دیور اپنے مرحوم بھائی کی ایکسائز پولیس کی یونیفارم استعمال کرتا تھا، والدہ کو پتہ چلا تو یونیفارم جلادی ،ملزمان مجموعی طور پر 20 کے قریب گاڑیاں چوری کر چکے ہیں ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔