نارووال: (دنیا نیوز) نامعلوم افراد نے حویلی میں گھس کر فائرنگ کرکے ایک ہی فیملی کے تین افراد کو قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نارووال کے نواحی گاؤں ڈیریانوالہ کا رہائشی محمد یوسف خان اپنے بیٹے اور داماد کے ساتھ اپنی حویلی میں بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک چار نامعلوم افراد نے حویلی میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
شدید فائرنگ کے نتیجہ میں محمد یوسف خان، اس کا بیٹا شعیب خان اور داماد محمد امین خان شدید زخمی ہو گئے۔
ملزمان فائرنگ کے بعد جدید آٹومیٹک اسلحہ لہراتے ہوئے موقع پر سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کی اطلاع پر مقامی پولیس سٹیشن رعیہ خاص کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ملزمان کی فائرنگ سے تینوں زخمی باپ بیٹا اور داماد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ تین افراد کے قتل پر پولیس نے ڈسٹرکٹ نارووال کی فوری ناکہ بندی کردی۔ تاہم واردات کے بعد ملزمان کار پر موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس سٹیشن رعیہ خاص نے تینوں مقتول افراد کی ڈیڈ باڈیز اپنی تحویل میں لے کر انھیں پوسٹمارٹم اور ضروری قانونی کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے