لاہور: (دنیا نیوز) مینار پاکستان واقعے میں 407 مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرلیا گیا، 92 افراد گرفتار ہیں جبکہ عدالت نے مزید 30 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔ راوی روڈ واقعے میں 3 افراد زیر حراست ہیں۔
مینار پاکستان واقعہ میں 407 مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرلیا گیا، جن میں سے 92 افراد کو گرفتار اور باقی تمام افراد کو رہا کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں میں سے 40 کو شناخت پریڈ پر بھیجا جا چکا ہے جبکہ عدالت نے مزید 30 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔
ذرائع کے مطابق راوی روڈ پر خاتون سے دست درازی کرنے پر پولیس نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایک ملزم کا تعلق لاہور اور دو کا دوسرے اضلاع سے ہے ۔ویڈیو میں دست درازی کرنے والوں کے چہرے واضح نہ ہونے پر فرانزک اور سائنسی بنیاد پر تصدیق کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، قصور اور شیخوپورہ میں پولیس ٹیموں نے چھاپے مار کر مزید 26 ملزموں کو گرفتار کرلیا، چنگ چی رکشہ میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کیس میں پیش رفت سے آگاہ کرتے رہیں گے۔