لاہور: (دنیا نیوز) مینار پاکستان واقعہ پر پولیس کی غفلت پر پنجاب حکومت نے متعدد پولیس افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ندیم عباس اور ایڈیشنل ایس پی آپریشنز حسن جہانگیر کو سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ڈی ایس پی بادامی باغ عثمان حیدر اور ایس ایچ او لاری اڈا محمد جمیل کو معطل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی کے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے بھی شرکت کی۔ عثمان بزدار نے پولیس کے ردعمل میں تاخیر اور فرائض میں غفلت برتنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خاتون سے دست درازی اور دیگر واقعات کے حوالے سے پولیس کا ردعمل سست رہا ہے، عوام کو پولیس سے بہت توقعات ہیں، پولیس کو عوامی امنگوں کے مطابق فرائض سرانجام دینا ہیں، خاتون سے دست دازی کے واقعے پر ہر دل دکھی ہے، جہاں جس نے بھی غفلت کی ہے، وہاں قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، خاتون سے دلی ہمدردی ہے، ہر صورت انصاف ہوگا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے خاتون سے پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں حتمی ابتدائی رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کی۔ عثمان بزدار کو واقعہ کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب کو پولیس کے رسپانس کے بارے بھی بتایا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاوسنگ نے گریٹر اقبال پارک میں پی ایچ اے کی سیکورٹی کی ذمہ داریوں اور مبینہ غفلت کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی۔