کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے آئی آئی چندریگر روڈ اور کلفٹن میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں کیپٹل ایکسچینج کمپنی کے دفاتر پر کی گئیں، ملزمان کے قبضے سے 8 کروڑ روپے سے زائد ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے حوالہ ہنڈی میں ملوث اشیاء اور دیگر دستاویزات ضبط کر لیں، ملزمان میں محمد آفتاب ،آصف،ریحان مرچنٹ، روشن علی اور احمد رضا شامل ہیں۔
ملزمان بیرون ممالک سے منگوائی گئی اشیا کی حوالہ ہنڈی سے ادائیگی کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفشیش کی جا رہی ہے۔