کراچی: عدالتی احکامات کے باوجود مصروف شاہراہوں پر تجاوزات کی بھرمار، شہری پریشان

Published On 14 September,2021 08:25 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سے تجاوزات کا خاتمہ خواب بن گیا، عدالتی احکامات کے باوجود بھی شہر میں مصروف شاہراہوں اور دیگر مقامات پر تجاوزات کی بھرمار ہے جو ٹریفک مسائل اور حادثات کا سبب بن رہی ہے، شہری فٹ پاتھ پر پیدل چلنے کے حق سے بھی محروم نظر آتے ہیں۔

شہر قائد پر تجاوزات مافیا کا راج، متعلقہ اداروں کے عملہ کی ملی بھگت سےتجاوزات مافیا نے مصروف شاہراہوں اور فٹ پاتھوں تک پر قبضہ جما رکھا ہے۔
تجاوزات کی بھرمار کے باعث عام شہری فٹ پاتھ پر پیدل چلنے کے حق سے محروم ہیں۔ بے ہنگم ٹریفک میں سڑکوں پر پیدل چلتے افراد حادثات کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔

شاہراہ پاکستان پر تین ہٹی کا مقام تجاوزات کا گڑھ بن کر رہ گیا ہے، تجاوزات کی بھرمار ٹریفک مسائل اور حادثات کا بھی سبب بن رہی ہے، رہی سہی کسر رونگ سائٹ آنے والوں نے پوری کردی ہے۔

شام کے اوقات میں ٹریفک کا دباو بڑھنے اور تجاوزات کے باعث ٹریفک جام کے نتیجے میں شہریوں کا سخت مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ صدر ایمپریس مارکیٹ ، زیب النسا اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ سمیت دیگر مقامات پر تجاوزات مافیا متعلقہ اداروں کے عملے کی ملی بھگت سے قابض نظر آتا ہے، کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل کی جانب سے نمائشی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
 

Advertisement