کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کا ڈسٹرکٹ ایسٹ جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن گیا، گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے ریسٹورنٹ پر لوٹ مار کی۔ ملزمان پہلے شہریوں اور پھر کیش کاؤنٹر سے رقم نکال کرفرار ہوگئے، دیگر علاقوں میں بھی براحال رہا۔
اسٹریٹ کرمنلز کی ایک دن میں سینکڑوں وارداتیں، شہر کو یرغمال بنا لیا، پولیس رینجرز بے بس دکھائی دیئے۔ گلشن اقبال میں ڈکیت ریسٹورنٹ لوٹ کر فرارہو گئے جس کی سی سی ٹی وی سامنے آ گئی۔ 12ستمبر کو ایک موٹر سائیکل پر 3 ملزمان سوار ہو کر آئے تھے۔ ملزمان نے پہلے شہریوں اور پھر کیش کاونٹر سے رقم نکالی اور فرار ہوگئے۔
ادھر یونیورسٹی روڈ پردو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے گھر کے باہر شہری سے لوٹ مار کی۔ گزشتہ روز ملزمان بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری کے پیچھے گھر تک آئے۔ ملزمان نے شہری کے رکتے ہی اترکر اسلحہ نکال لیا اور 2لاکھ روپے لے اڑے۔
دوسری جانب کورنگی نمبرایک صابر پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے تعاقب کے بعدشہری کو روکا اور بلا کسی خوف لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اسٹریٹ کرائم کی بد ترین صورتحال پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔