پشاور سے 5 بین الاقوامی منشیات اسمگلر گرفتار، 10 کروڑ مالیت کی 80 کلوآئس برآمد

Published On 27 October,2021 03:39 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں پولیس نے صوبے کی تاریخ میں آئس کیخلاف سب سے بڑی کارروائی کے دوران 5 بین الاقوامی آئس اسمگلروں کو گرفتار کر لیا، 10 کروڑ روپے مالیت کی 80 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔

سی سی پی او پشاور عباس احسن کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ صوبے کی تاریخ میں آئس کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی جس کے دوران پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران 5 بین الاقوامی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا، دو ملزموں کا تعلق افغانستان ،3 کا بلوچستان سے ہے، ملزمان چمن کوئٹہ کے راستے افغانستان سے آئس اسمگل کرتے تھے،آئس پارسل کے ذریعے بیرونی ممالک کو بھی اسمگل کی جاتی تھی،ملزمان حیات آباد میں آئس منشیات کی پیکنگ کرتے تھے،ملزمان سے دو کاریں ،ڈیجیٹل سکیلز اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔

سی سی پی او کے مطابق برآمد شدہ اشیاء کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے، ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر آئس اسمگلروں کی نشاندہی کردی جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
 

Advertisement