ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں سرکاری سکول میں ٹیچر کی گاڑی کی ٹکر سے طالبہ جاں بحق ہو گئی، سیکرٹری ایجوکیشن نے ٹیچر اور پرنسپل کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی جبکہ والدین نے مقدمے کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست دے دی۔
ملتان میں گورنمنٹ پائلٹ سکول کی ٹیچر اقرا نے دوران اسمبلی کار پارک کرنے کی کوشش کی لیکن بریک کی بجائے ریس دینے سے کار بے قابو ہو گئی جس سے تین طالبات موقع پر زخمی ہو گئیں تاہم دسویں کلاس کی طالبہ سعدیہ نشتر ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی جس پر سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام نے سکول کی پرنسپل اور ٹیچر اقرا کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی۔
دوسری جانب جاں بحق بچی کے والدین نے سکول ٹیچر کیخلاف مقدمے کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے کی پولیس کو درخواست دے دی ہے، اس حوالے سے زخمی طالبات کے والدین نے سکول انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔