سی ٹی ڈی کی کارروائی،کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر سمیت 3دہشتگرد گرفتار

Published On 26 October,2021 05:03 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی)نے اسلام آباد سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈرسمیت تین دہشتگرد وں کوگرفتار کرلیا ہے ۔

کاؤنٹر ٹیرارزم دیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے وفاقی دارالحکومت میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈرسمیت 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ گرفتاری کے بعد اسلام آباد کی کاروباری شخصیات اور نجی تعلیمی ادارے سے کروڑوں روپےبھتہ مانگنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سی ٹی ڈی ملک جمیل ظفر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے کچھ ساتھی افغانستان میں موجود ہیں۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے جبکہ پولیس فورس کے لیے غفلت کی گنجائش نہیں۔۔

انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ اسلام آباد میں کاروباری اور تعلیمی اداروں کو بھتہ کی پرچیاں ملیں، دھمکی آمیز کالز اور دس خطوط بھجوانے والے ملزمان کی تلاش شروع کی جبکہ خطوط سوات سے پوسٹ کئے گئے تھے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھاکہ پولیس لائن کو بم سے اڑانے کے دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والے تین دہشتگرد پکڑے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے خط میں یہ لکھا گیا ہے کہ ہم نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو بھرے مجمع سے اٹھایا لیا تھا۔

ملک جمیل ظفر نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں بخت شیریں ولد سلطان زریں، جان عالم ولد جام، محمد علی ولد عاقل بادشاہ شامل ہیں،ملزم بخت ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر بھی رہ چکا ہے اور ملزم سوات کے بعد دو سال تعویز گنڈے کا کام کرتا رہا ہے جبکہ ملزم کے کچھ ساتھی افغانستان میں بھی ہیں۔
 

Advertisement